ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

January 13, 2025 9:45 PM

printer

اترپردیش کے پریاگ راج میں مہاکنبھ کے پہلے دن آج تریوینی سنگم پر ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ عقیدتمندوں نے پَوِتر ڈُبکی لگائی

اترپردیش کے پریاگ راج میں مہاکنبھ کے پہلے دن آج پوش پورنیما کے موقع پر ایک کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ عقیدتمندوں اور یاتریوں نے گنگا، جمنا اور سرسوتی کے تریوینی سنگم میں پوِتر ڈُبکی لگائی۔ مقدس شہر پریاگ راج میں دنیا کے سب سے بڑے روحانی، مذہبی اور ثقافتی اجتماع میں عقیدتمندوں کا استقبال کرنے کیلئے ہیلی کاپٹروں سے پھول برسائے گئے۔
تریوینی سنگم کے مقدس کناروں پر مہاکنبھ کا آغاز صرف ایک مذہبی اجتماع نہیں ہے، بلکہ یہ بھارت کی قدیم روایات کا شاندار اظہار اور دنیا کا سب سے بڑا ثقافتی سنگم ہے۔ مہاکنبھ ایک مذہبی تقریب سے کہیں بڑھ کر ہے۔ یہ آستھا، روحانیت اور اجتماعی شعور کا تہوار ہے۔ یہ شیو روایت کے سات اکھاڑوں نیز ویشنو روایت اور اُداسِین فرقے کے تین تین اکھاڑوں کا سنگم ہے۔ یہ گوناگونیت اور متحدہ مذہبی و روحانی دھاروں کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ اِس عظیم الشان تقریب کے بنیادی عنصر، کثرت میں وحدت کے خیال کو تقویت فراہم کرتا ہے۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والی اِس عظیم الشان تقریب میں سات لاکھ سے زیادہ Kalpvasis شرکت کررہے ہیں۔
مہا کنبھ کا ہر کیمپ اور ہر پروگرام، پوجا سے لے کر یَگ تک، دنیا کی بھلائی اور خوشحالی نیز بنی نوع انسان کے بھائی چارے اور ہم آہنگی کے ساتھ رہنے کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔
ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ حکومت نے اِس عظیم الشان تقریب کو یادگار بنانے کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی اور سلامتی سے متعلق تمام تر انتظامات کئے ہیں۔
اس اہم پروگرام کیلئے سات سطحی سکیورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے۔ پورے علاقے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے 50 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر پولیس کے ADG بھانُو بھاسکر اور DIG راجیش دیویدی سمیت اعلیٰ حکام نے آج مہاکمبھ کے پورے علاقے کا معائنہ کیا۔ یہ عظیم الشان تقریب 26 فروری کو مہاشیو راتری تک جاری رہے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پریاگ راج میں مہاکنبھ کے آغاز اور فصلوں کی کٹائی کے مختلف تہوار کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں