اترپردیش کے اناؤ ضلعے میں آج ایک سڑک حادثے میں کم از کم 18 افراد کی موت ہوگئی جبکہ 19 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ آج صبح سویرے اُس وقت پیش آیا جب اناؤ ضلعے میں Bangarmau کے نزدیک لکھنؤ-آگرہ ایکسپریس وے پر ایک ڈبل ڈیکر بس، دودھ کے ایک ٹینکر سے جا ٹکرائی۔ یہ بس بہار کے سیتا مڑھی سے دلی آرہی تھی۔ یہ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ اِس ٹکراؤ سے بس کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار لوگ بھی اِدھر اُدھر جا گرے۔
پولیس اور دیگر ایمرجنسی اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور بچاؤ کارروائی جاری ہے۔
ضلع انتظامیہ نے ہیلپ لائن نمبر جاری کئے ہیں جو اس طرح سے ہیں:
صفر پانچ ایک پانچ، دو نو سات صفر سات چھ سات
نو چھ پانچ ایک چار تین دو سات صفر تین
اور…… آٹھ آٹھ آٹھ سات سات ایک تین چھ ایک سات۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اترپردیش کے اناؤ ضلعے میں بس حادثے میں ہونے والی اموات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ اُنہیں اِس حادثے سے بہت دکھ ہوا ہے۔ محترمہ دروپدی مرمو نے اِس حادثے میں مرنے والوں کے کنبوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ریاستی سرکار کی نگرانی میں مقامی انتظامیہ ہر ممکن طریقے سے متاثرہ افراد کی مدد کررہی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ جناب مودی نے وزیر اعظم کے قومی امدادی فنڈ سے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے دو-دو لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اِس حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنائیں۔