وزیراعظم نریندر مودی نے غیرمعمولی ترقی کیلئے اتراکھنڈ کی ستائش کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ریاست مختلف شعبوں میں آگے بڑھ رہی ہے۔ آج اتراکھنڈ کے قیام کے 25 سال پورے ہونے کے موقع پر ورچوئل طریقے پر ملک کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ وزیراعظم نے کہاکہ آج کا دن اتراکھنڈ میں سلور جبلی تقریبات کی شروعات کا دن ہے۔ وزیراعظم نے اِس طرف توجہ دلائی کہ اتراکھنڈ کو ریاست کے روشن مستقبل کیلئے اگلے 25 سال کا سفر شروع کرنا ہے۔ اُنہوں نے اِس بات کا عہد کیا کہ وہ اگلے 25 سال کے دوران وِکست بھارت کا عزم پورا کرنے کیلئے وِکست اتراکھنڈ پر عمل کریں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ مرکزی سرکار ریاست کی ترقی کیلئے ہرممکن مدد دے رہی ہے۔
اِس بات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہ اتراکھنڈ ایک نیا رجحان اور معیار قائم کررہا ہے، جناب مودی نے کہاکہ 2023-24 کے عرصے کے دوران انڈیا انڈیکس میں اتراکھنڈ لگاتار ترقی کے مقاصد کے حصول میں سرفہرست رہا ہے۔
اِس موقع پر نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے اتراکھنڈ کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب دھنکھڑ نے کہا کہ ہمالیہ کی برفیلی چوٹیوں سے لے کر ماں گنگا کے مقدس کناروں تک دیو بھومی اتراکھنڈ قدرتی خوبصورتی اور مالامال روحانی ورثے کی نعمتوں سے آراستہ ہے۔ نائب صدر نے دعا کی کہ قدرتی خوبصورتی سے مالا مال یہ ریاست بڑے پیمانے پر مزید ترقی اور فروغ حاصل کرتی رہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی اتراکھنڈ کے لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب شاہ نے کہا کہ یہ ریاست قدرتی خوبصورتی اور مالامال ثقافتی ورثے کی زمین ہے۔ وزیر داخلہ نے بابا کیدار ناتھ سے دعا کی کہ مذہب اور ثقافت میں زبردست عقیدے اور فطرت کے تئیں گہری محبت کیلئے مشہور یہ ریاست وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی رہنمائی میں ترقی اور خوشحالی کی بلندیوں کو چھوئے۔×