وزیر اعظم نے کہا ہے کہ بھارت ’میک اِن انڈیا‘ پہل کی وجہ سے مینوفیکچرنگ کا ایک بڑا مرکز بن گیا ہے۔ جناب نریندر مودی نے کہا کہ اِس مہم سے غریبوں، متوسط طبقے اور MSME اداروں کو فائدہ ہورہا ہے اور اِس سے ہر طبقے کے لوگوں کو اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملا ہے۔ وزیر اعظم نے آکاشوانی پر ”مَن کی بات“ کے 114ویں نشریے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ تہواروں کے آنے والے سیزن میں بھارت میں بنائی گئی اشیاء اور سامان ہی خریدیں۔
ملازمتوں کے بدلتے ہوئے منظرنامے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، جناب مودی نے کہا کہ نئے سیکٹرس کے ابھرنے کے ساتھ ہی ملازمتوں کی نوعیت بھی بدل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات و نشریات کی وزارت نے Creat in India تھِیم کے تحت 25 چیلنجوں کا آغاز کیا ہے تاکہ صلاحیت، قابلیت اور تخلیق کو بڑھاوا مل سکے۔ جناب مودی نے ملک کے تخلیق کاروں پر زور دیا کہ وہ wavesindia.org کے ذریعے اِس چیلنج میں حصہ لیں۔
وزیر اعظم نے ”مَن کی بات“ پروگرام کے دوران ”سووچھ بھارت مشن“ کی کامیابی کو اجاگر کیا۔ 2 اکتوبر کو اِس مشن کے 10 سال مکمل ہورہے ہیں۔ جناب مودی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ صفائی ستھرائی کی مہم میں شامل ہوں۔
وزیر اعظم نے پودے لگانے کی بڑی مہم ”ایک پیڑ ماں کے نام“ میں شامل ہونے کیلئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پورے معاشرے کیلئے اِس کے شاندار نتیجے سامنے آئے ہیں اور یہ واقعی تحریک کا باعث ہے۔
جناب مودی نے اترپردیش، گجرات، مدھیہ پردیش، راجستھان اور تلنگانہ کی کارکردگی کی ستائش کی، جنہوں نے طے شدہ نشانے سے بھی زیادہ پودے لگاکر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
پانی کی بچت کی اہمیت کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ بارش کے دنوں میں بچاکر رکھے گئے پانی سے پانی کی قلت والے مہینوں میں کافی مدد ملتی ہے اور یہی Catch the Rain جیسی مہم کا جذبہ بھی ہے۔
اپنے ماہانہ نشریے میں ”وِکاس بھی وراثت بھی“ کے منتر پر زور دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے امریکہ کے اپنے حالیہ دورے کے دوران امریکہ کی جانب سے تقریباً 300 قدیم اشیاء اور نوادرات واپس کئے جانے کا تذکرہ کیا۔
مادری زبان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے مختلف زبانوں، خاص طور پر سَنتھالی زبان کو محفوظ رکھنے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ جناب مودی نے کہا کہ ڈجیٹل اختراع کی مدد سے سَنتھالی زبان کو نئی پہچان دینے کیلئے ایک مہم شروع کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مَن کی بات کا آج کا نشریہ، اُن کیلئے خاص طور پر جذباتی نوعیت کا ہے کیونکہ 3 اکتوبر کو اِسے 10 سال مکمل ہورہے ہیں۔
جناب مودی نے کہا کہ مَن کی بات کے کروڑوں سامعین اِس سفر کے ساتھی رہے ہیں، جنہوں نے ملک کے گوشے گوشے سے جانکاری فراہم کی۔ وزیر اعظم نے آکاشوانی، دور درشن اور پرسار بھارتی سے وابستہ لوگوں کی ستائش کی اور کہا کہ اُن کی انتھک کوششوں کی وجہ سے مَن کی بات اِس اہم سنگِ میل تک پہنچا ہے۔ جناب مودی نے مختلف ٹی وی چنلس، پرنٹ میڈیا اور Youtubers کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے مَن کی بات کو دکھایا اور اِس پر پروگرام منعقد کئے۔
جناب مودی نے نوراتری کے ساتھ ساتھ آنے والے تہواروں کیلئے لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگلے دو مہینے تک ہر طرف پوجا پاٹھ، وَرت، تہواروں، دھوم دھام اور خوشی کا ماحول رہے گا۔ x