آج ملک میں پبلک سروس نشریات کا دن منایا جارہا ہے۔ یہ دن 1947 میں دلّی میں آکاشوانی کے اسٹوڈیو میں مہاتما گاندھی کے پہلے اور آخری بار آنے کی یاد میں ہر سال منایا جاتا ہے۔ بابائے قوم نے اُس وقت، اُن بے گھر لوگوں سے خطاب کیا تھا، جو ملک کی تقسیم کے بعد ہریانہ کے کروکشیتر میں عارضی طور پر بس گئے تھے۔
77 سال پہلے یہ دیوالی کا دن تھا کہ جب مہاتما گاندھی ملک کی تقسیم کے بعد بے گھر ہونے والے افراد سے ملنے نہیں جاسکے تھے۔ یہ لوگ ہریانہ میں کروکشیتر میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ مہاتما گاندھی نے ریڈیو کے ذریعے اپنا پیغام اِن لوگوں تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔ گاندھی جی نے اپنی تقریر کا آغاز یہ کہتے ہوئے کیا… ”پریشانی میں گھرے ہوئے میرے بھائیوں اور بہنوں“
گاندھی جی کا یہ کہنا تھا کہ انہوں نے ریڈیو کے وسیلے کو ایک شکتی، بھگوان کی معجزاتی طاقت کے طور پر دیکھا ہے۔
اِس موقع پر آج آکاشوانی دلّی کے احاطے میں ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے۔