آج ملک بھر میں روایتی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ روشنیوں کا تہوار دیوالی منائی جارہی ہے۔ برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت، یہ تہوار گھروں، مندروں اور دیگر عوامی مقامات کو روشن کرکے منایا جاتا ہے۔ اِس موقع پر لوگ دولت کی دیوی لکشمی کی بھی پوجا کرتے ہیں۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ نے دیوالی کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں صدر جہوریہ نے کہا کہ دیواالی خوشی اور جوش کا تہوار ہے اور یہ جہالت پر علم کی فتح اور برائی پر اچھائی کی علامت ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ دیوالی کے پُرمسرت موقع پر ہمیں اپنے ضمیر کو روشن کرنا چاہئے، محبت اور ہمدردی کے اوصاف کو اپنانا چاہیے اور سماجی رواداری کو فروغ دینا چاہیے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ تہوار محروم افراد اور ضرورتمندوں کی مدد کرنے اور اُن کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنے کا بھی ایک موقع ہے۔ محترمہ مرمو نے لوگوں سے آلودگی سے پاک دیوالی منانے اور ایک صحت مند، خوشحال اور ذمہ دار معاشرے کی تعمیر کا عہد کرنے کی اپیل کی۔
نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ نے بھی دیوالی کے موقعے پر تمام شہریوں کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ دیوالی نہ صرف بھارت میں عقیدت اور خوشی کے ساتھ منائی جاتی ہے، بلکہ دنیا بھر میں مقیم بھارتی باشندے بھی اِسے جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔ جناب دھنکھڑنے کہا کہ یہ تہوار اندھیرے پر روشنی کی لازوال فتح، مایوسی پر امید اور جہالت پر علم کی علامت ہے۔×