آج ریڈیو کا عالمی دن ہے۔ ہر سال 13 فروری کو ریڈیو کا عالمی دن منایا جاتا ہے، تاکہ لوگوں میں ریڈیو کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کی جا سکے اور ریڈیو کے ذریعے معلومات تک رسائی کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ یہ دن ریڈیو کی منفرد طاقت کو یاد کرنے کا بھی موقع ہے، جو زندگیوں کے قریب ہے اور دنیا کے ہر کونے سے لوگوں کو جوڑتا ہے۔ اِس سال ریڈیو کے عالمی دن کا موضوع ہے: ”ریڈیو اور ماحولیاتی تبدیلی“ ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل Audrey Azoulay نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریڈیو کا عالمی دن اِس پائیدار، متنوع اور وسیع پیمانے پر قابل رسائی، مواصلاتی ذریعے کا جشن منانے کا موقع ہے۔
ریڈیو کے عالمی دن پر، پرسار بھارتی کے چیئرمین نونیت کمار سہگل نے اپنے پیغام میں کہا کہ خبروں اور معلومات کے پھیلاؤ کے ذریعے ریڈیو، قومی ثقافتی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہوجن ہِتائے اور بہوجن سُکھائے کے نعرے کے ساتھ آکاشوانی، جو دنیا کا سب سے بڑا ریڈیو نیٹ ورک ہے، ملک کے عوام تک پہنچ رہا ہے۔
سامعین کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے پرسار بھارتی کے چیف ایگزیکیوٹیو افسر گورو دِویدی نے کہا کہ ایک طرف آکاشوانی بھارت کی بھرپور ثقافت اور روایات کا حامل رہا ہے جبکہ دوسری جانب اِس نے پورے ملک کے لوگوں کو سائنسی ترقی کے سفر سے جوڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ روزمرہ کی زندگی کا شاید ہی ایسا کوئی پہلو ہے جو آکاشوانی سے متاثر نہ ہوا ہو۔ ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے آکاشوانی کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر پرگیہ پالیوال گوڑ نے کہا کہ تقریباً دو دہائیوں سے آکاشوانی، سامعین تک معلومات، تعلیم اور تفریحی پروگرام پہنچا رہا ہے۔×