نئی دلّی کے کرتویہ پتھ پر کَل، 76 ویں یومِ جمہوریہ کی پریڈ میں، تقریباً 10 ہزار خصوصی مہمانوں کو، مدعو کیا گیا ہے۔ اِن شخصیتوں کو قومی تقاریب میں، لوگوں کی شرکت میں اضافے کی سرکاری کوششوں کے طور پر دعوت دی گئی ہے۔ اِن شخصیتوں میں، حادثے، روک تھام اور قدرتی آفات کی صورت میں مدد کرنے والے ’آپدا مِتر رضاکار‘، صحت سے متعلق تسلیم شدہ سماجی کارکن ’آشا ورکرس‘، کسانوں کی پیداوار سے متعلق تنظیمیں FPOs، پی ایم کسان سمّان ندھی کے مستفیدین، مائی بھارت رضاکار اور دیگر شخصیتیں شامل ہیں۔ اِن رضاکاروں اور مستفیدین کی شمولیت سے اُن افراد کے تعاون کے اعتراف اور اعزاز کی، سرکاری کوششوں کی عکاسی ہوتی ہے، جنہوں نے خود کو عوام کی خدمات اور حفاظت کے لیے وقف کر دیا ہے۔
ایک آشا کارکن مینا نے، ہمارے نامہ نگار سے کہا کہ اِس طرح کی تقریبات میں اُنہیں مدعو کیے جانے سے، اُن کی ساکھ میں اضافہ ہوگا اور مزید بیداری پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔